You are currently viewing پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل میں

پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل میں

پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل میں: ’ہمیشہ کی طرح اب بھی آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے

پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور ایتھلیٹ یاسر سلطان نے جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو مقابلوں کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آج جیولن تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ گروپ اے میں پاکستان کے تاریخ ساز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی تھرو 86.34 میٹر دور پھینک کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر سرانجام دیا تھا جو نہ صرف ایک اولمپکس ریکارڈ ہے بلکہ ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔

انھیں اس کارکردگی کے عوض پاکستان کا سرکاری اعزاز ’تمغۂ امتیاز‘ دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ارشد ندیم آج تک کبھی بھی ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں کوئی میڈل حاصل نہیں کر پائے۔ انھوں نے سنہ 2017 اور سنہ 2019 میں ان مقابلوں میں حصہ لیا تھا لیکن اس وقت وہ 80 میٹر مارک عبور نہیں کر پائے تھے۔

ارشد کو راوں ماہ ایشیئن ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کی جانب سے ’ایشیا کے بہترین مرد ایتھلیٹ‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ارشد نے فائنل میں جگہ بنانے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’مجھے ہمیشہ کی طرح اب بھی آپ کی دعاؤں اور حمایت کی ضرورت ہے۔‘

ارشد ندیم کے علاوہ پاکستان کے یاسر سلطان نے بھی فائنل میں جگہ بنائی انھوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 76.07 میٹر کی تھرو پھینکی۔ یاد رہے کہ یاسر سلطان نے سنہ 2023 میں ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کا فائنل کل منعقد ہو گا جن میں کل نو ایتھلیٹ 76 میٹر کے کوالیفیکیشن مارک سے زیادہ کی تھرو پھینک کر جگہ بنا پائے ہیں۔

اس مقابلے میں انڈیا کے سٹار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا تو شرکت نہیں کر رہے تاہم انڈین ایتھلیٹ سچن یادو نے 79.62 میٹر جبکہ یش ویر سنگھ نے 76.67 میٹر کی تھرو کر کے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں گذشتہ رات ارشد ندیم نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فائنل ’سنیچر کی دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر شروع ہو گا۔‘

ایشیئن ایتھلیٹکس اسوسی ایشن کی جانب سے منعقد ہونے والی اس چیمپیئن شپ میں 45 ایشیائی ممالک شریک ہوتے ہیں۔

Leave a Reply