فلم ان ناظرین کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے جو ہارر کیساتھ خاندانی ڈرامے کو بھی پسند کرتے ہیں،فیصل قریشی
ہارر، خاندانی رشتوں اور خاندانی ڈرامے کے امتزاج پر مبنی نئی فلم ’دیمک‘ عیدالاضحی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔بننے جا رہی ہے۔فلم کی کاسٹ کے ساتھ لاہور کے سنیما میں میٹ اینڈ گریٹ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد نے فلمی ستاروں کو خوش آمدید کہا اور سیلفیاں لیں۔
فلم کا ٹریلر پہلے ہی سوشل میڈیا پر نشر کیا جا چکا ہے جس نے ناظرین میں بے چینی اور تجسس کو بڑھا دیا ہے۔ٹریلر کے منظر عام پر آتے ہی فلمی شائقین اور ناقدین نے اسے پاکستانی سینما کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا فلم کی کہانی ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان کے گرد گھومتی ہے جہاں ایک نوجوان جوڑا پٴْراسرار اور ماورائی واقعات کی زد میں آ جاتا ہے، یہ فلم ان ناظرین کے لیے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے جو ہارر کے ساتھ ساتھ خاندانی ڈرامے کو بھی پسند کرتے ہیں۔
فلم کی ہیروئن سونیا حسین نے کہا کہ کہانی ناصرف خوف پر مبنی ہے بلکہ معاشرتی پیچیدگیوں کو بھی اجاگر کرتی ہے، فلم ’دیمک‘ پاکستانی سینما میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے۔ثمینہ پیر زادہ نے کہا کہ فلم میں بہت خوبصورتی کے ساتھ دکھایا گیا ہے کہ جب ایک گھر میں انجان خوف پنپنے لگے، تو خاندانی رشتے، خصوصاً ساس اور بہو کا رشتہ کس طرح کشیدہ ہو جاتا ہے۔فلم ‘دیمک‘ کی ہدایتکاری نوجوان فلم ساز رافع راشدی نے کی ہے جبکہ کہانی معروف لکھاری عائشہ مظفر کی تخلیق ہے، ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی ہیں اور اسے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پیش کیا جا رہا ہے۔فلم کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، ثمن انصاری، عنایہ عباس اور آریز عباس شامل ہیں۔